شمالی وزیرستان میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ، آرمی چیف کی شرکت

News Desk

               شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز شہید ہونے والے سات فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے سات اہلکار شہید ہوئے تھے جن کی نماز جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت فوجی افسران، شہداء کے اہل خانہ اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں جہاں اُن کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

شہید ہونے والی فوجی اہلکاروں میں کیپٹن جنید کا تعلق مری سے ہے جو غیر شادی شدہ ہیں جب کہ حوالدار عبدالرزاق کا تعلق استور سے ہے جنہوں نے اہلیہ اور پانچ بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔شہید حوالدار امیر کا آبائی تعلق گلگت سے ہے اور انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے جب کہ شہید حوالدار نصیر کا تعلق دیامیر چلاس سے ہے اور ان کے سوگواران میں والدہ اور اہلیہ شامل ہیں۔

حوالدار آصف کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے، اُن کے سوگواروں میں والدین، اہلیہ، سات بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں جب کہ شہید ہونے والے سپاہی سمیع اللہ کا تعلق ہنزہ، گلگت بلتستان سے ہے۔پاک فوج کی جاری کردہ تفصیل کے مطابق شہید سپاہی انور جان کا آبائی تعلق بھی گلگت بلتستان سے ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *