لاہور میں سرگرم قبضہ مافیا کا سرغنہ منشا بم تاحال مفرور

News Desk

لاہور میں سرگرم قبضہ مافیا گروپ کا سرغنہ منشا بم تاحال مفرور ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے 10روز بعد بھی ملزم گرفتار نہ ہو سکا، ذرائع کے مطابق منشاء بم اور اس کے بیٹوں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے حساس اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔

سپریم کورٹ نے جوہر ٹاؤن میں اراضی پر قبضے کے کیس میں منشا بم اور اس کے بیٹوں کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ منشاء بم کی گرفتاری کیلئے آپریشن ونگ اور سی آئی اے کی 10 سے زائد ٹیمیں کام کر رہی ہیں، پولیس کو منشا بم کے بیرون ملک فرار ہو جانے کا خدشہ ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے منشا بم کو مبینہ طور پر حراست میں لے کر چھوڑ دیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ منشابم کی گاڑی قبضے میں ہے جب کہ جلد ہی منشابم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ منشا بم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تا ہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشا بم کو ہم نے نہیں چھوڑا وہ مزاحمت پر فرار ہوا۔واضح رہے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے چیف جسٹس پاکستان کے احکامات کے بعد لینڈ مافیا کے سرغنہ منشاء علی کھوکھر عرف منشا بم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہ آسکی ، منشا بم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 80مقدمات درج ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ چیف جسٹس نے اتوار کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران لینڈ مافیا کے سرغنہ منشاء علی کھوکھر کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے ۔ پیر کے روز بھی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے منشا بم کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا ۔جس کے بعد پولیس نے منشاء بم کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں تاہم ابھی تک پولیس کو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

منشا بم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں
80مقدمات درج ہیں جن میں سے 7میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں ۔سب سے زیادہ مقدمات تھانہ ٹاون شپ میں درج ہوئے جن کی تعداد 28 ہے ۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاون میں منشا بم کے خلاف 24مقدمات ،،تھانہ گرین ٹاون میں 2 مقدمات درج ہیں جبکہ نولکھا میں2، رائیونڈ میں 2 اورتھانہ کوٹ لکھپت میں 2مقدمات درج ہیں۔
ذرائع کے مطابق منشاء بم اور اس کے بیٹوں کا نام ای سی ایل اور پروونشنل آئیڈینٹی فیکیشن لسٹ میں ہے جبکہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *