ضمنی انتخابات 2018ء پاکستان مسلم لیگ ن نے تخت لاہو رچھین لیا

News Desk

ملک بھر میں ضمنی انتخابات 2018ء میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ ن پہلے ، تحریک انصاف دوسرے اور مسلم لیگ ق تیسرے نمبر پر رہی، تاہم الیکشن میں حکمران جماعت نے جنرل الیکشن میں اپنی جیتی ہوئی قومی اسمبلی کی 3 نشستیں گنوا دیں، جبکہ اپوزیشن جماعت ن لیگ نے تخت لاہور پر براجمان ہونے میں کامیاب ہوگئی، پنجاب اسمبلی میں بھی مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے برابر سیٹیں حاصل کیں۔

ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف3، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

تاہم راوالپنڈی کی ایک نشست این اے 60 کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالمگیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔

تاہم ابھی این اے 60راولپنڈی سے نتائج کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ این اے 60میں شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ ن لیگ کے امیدوار کے مدمقابل ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔

ضمنی انتخابات 2018ء میں پاکستان مسلم لیگ ن نے تخت لاہو رچھین لیا، ن لیگ 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، ن لیگ کی جیت پر کارکنان نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بانٹیں۔ تحریک انصاف جنرل الیکشن میں جیتی ہوئی نشستیں ضمنی الیکشن میں ہار گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی شکست سے ان کی حکومتی کارکردگی اور جنرل الیکشن پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ ن لیگ نے لاہور میں این اے 124، این اے 131اور پی پی 164اور165میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ این اے 124 سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 45 ہزار سے زائد ووٹوں کی واضح برتری کے ساتھ جیت گئے ہیں جبکہ این اے 131 میں بھی ن لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق ہمایوں اختر خان پر پانچ ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے مسلم لیگ  ن کے جیالوں نے جیت کی خوشی میں جشن منانا شروع کر دیا ہے، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *