شہباز شریف نے عمران خان کی طرح سیروتفریح کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا‎

News Desk

حکومت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور  مریم نواز شریف کی جانب سے مبینہ طور پر سرکاری وسائل کے  ناجائز استعمال کی تحقیقات نیب سے کرانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی بطور وزیراعظم اور رکن پارلیمنٹ ذمے داری تھی کہ وہ اثاثوں کے بارے میں بتاتے، نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو بھی اثاثے کے گوشوارے نہیں دیئے۔

افتخار درانی نے کہا کہ گزشتہ دور میں وزیراعظم کے جہاز کا غیر قانونی استعمال ہوا، ہوائی سفر پر کروڑوں روپے غیر قانونی طور پر خرچ کیے گئے، شہباز شریف نے جہاز کا غیر قانونی استعمال کیا جس پر 60 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی جب کہ مریم نواز نے بھی سرکاری جہاز کا استعمال کیا، اس کی نیب سے تحقیقات کرائیں گے۔

وزیراعظم کے معاونین خصوصی کا کہنا تھا کہ گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ کی مد میں کئی گنا اخراجات کیے گئے، پانچ سال میں تحائف پر خرچ کیے گئےاخراجات کا پتا چل گیا ہے۔
بیرون ملک پاکستانیوں کی دولت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستانیوں نے 10 برس کے دوران دبئی میں 15 ارب ڈالر ریئل اسٹیٹ میں لگایا، ہم نے یہ نہیں کہا کہ 200 ارب ڈالر نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ سے اس سال میں معاہدہ ہو جائے گا، اثاثوں کی واپسی کے معاملے پر بیرون ملک سے لنک تلاش کر رہے ہیں، مِسنگ لنک یہ ہے کہ 6 سال یہ معاہدہ کرنے میں تاخیر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جرمن اور سوئس حکام سے کہا ہے کہ شواہد دئیے جائیں تاکہ صحیح صورت حال واضح ہو۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کو تیار ہیں لیکن ادارے کو کمزور نہيں ہونے دیں گے، نیب پر مزید نگرا نی کا ادارہ بٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ برطانوی اخبار نے جس جائیداد کا ذکر کیا، نواز شریف نے اسےچھپایا، برطانوی اخبار نے شریف خاندان کی جائیداد کے بارے میں تحقیقی خبر شائع کی، لندن جائیداد کے حوالے سے نیب تحقیقات کرے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے عمران خان کی طرح سیروتفریح کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا، عمران خان اپنے خلاف ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نیب کو جواب دیں اور دوسروں کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنے بارے میں نیب کو وضاحت دیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف اپنی جان خطرے میں ڈال کر زائد المعیاد ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے ہیں لیکن قومی بچت کے لیے انہوں نے نیا ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی حب الوطنی کی نئی مثال عوام کے سامنے رکھ دی۔
انکا کہنا تھا کہ شہبازشریف نےہیلی کاپٹرعوامی خدمت کی ذمےداری نبھانےکیلیےاستعمال کیا۔شہبازشریف نےاستحقاق کےباوجود4ارب مالیت کانیا ہیلی کاپٹرخریدنےسےانکارکردیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ سول ایوی ایشن نے پنجاب حکومت کا جہاز ناقابل پرواز قرار دیا تھا۔وفاقی حکومت سےبوقت ضرورت سہولت حاصل کی جاتی رہی جس کاباضابطہ کرایہ اداکیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *