وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور راہداری کی سڑک کا سنگ بنیاد رکھیں گے

News Desk

وزیراعظم عمران خان آج نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں  کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس راہداری کی تعمیر کے بعد سکھ یاتریوں کو کرتارپور آنے کے لیے ویزے کی مشکلات سے دوچار نہیں ہونا پڑے گا۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا، سول وفوجی حکام، سابق بھارتی کرکٹرنجوت سنگھ سدھو، 150  کے قریب پاکستانی اور  بھارتی صحافی شرکت کریں گے۔دوسری جانب بھارتی کابینہ نے بھی سرحد کے نزدیک پاکستانی علاقے میں واقع گرودوارہ دربار صاحب تک سکھ یاتریوں کو رسائی دینے کے لیے خصوصی کوریڈور تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

بھارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھارتی پنجاب کے ضلع گرداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان کی سرحد تک راستہ تعمیر کرے گی۔پاکستان میں کرتارپور راہداری کا منصوبہ دو مراحل میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا ۔ پہلے مرحلے میں سرحدی ٹرمینل  اور دریائے راوی پر 800 میٹر طویل پل تعمیر ہوگا ۔ ساڑھے 4 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک بھی تعمیرکی جائےگی۔گردوارہ کی تزئین و آرائش بھی ہوگی ۔

گردوارہ تک مستقبل میں بغیر ویزہ خصوصی پرمٹ کا اجراء ہو گا۔ یاتری بائیو میٹرک کرا کر گردوارہ میں پہنچ سکیں گے۔ یاتریوں کیلئے ہوٹل اور قیام گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔سرحد سے بارڈ ٹرمینل تک گاڑیوں پر یا پیدل رسائی ممکن ہوگی ۔ بارڈر ٹرمینل میں پارکنگ ، امیگریشن ، طبی اور دیگر سہولیات میسر ہونگی ۔ پارکنگ میں پہنچنے پریاتری بائیو میٹرک کرا کر گردوارہ میں پہنچ سکیں گے۔

گوردوارہ کرتار صاحب پر کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر بھارت سے آئے سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کے لیے خیرمقدمی بینرز بھی آوایزاں ہیں۔بھارتی وزیر کھیل نوجوت سنگھ سدھو پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں ۔وزیراعظم کے سنگ بنیاد رکھتے ہی تعمیر کا کام باضابطہ طور پرشروع ہو جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *