پرویز مشرف نے جلا وطن کیا تھا خود مرضی سے نہیں گئے تھے۔‎

News Desk

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت ہر چیز کی متحمل ہو سکتی ہے ماسوائے موجودہ حکومت کے.میرے وقت ڈالر پوچھے بغیر دس پیسے بھی اوپر نہیں جاتا تھا۔

نواز شریف نے احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں وقفے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا 2013 سے 2017 تک ہماری معیشت کو مضبوط اور متوازن کہتی تھی اور ہمارے دور میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں توازن رہا اور جب 2017 میں گھر گیا تو دہشت گری ختم ہوگئی تھی۔

نواز شریف نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا اگر یہ کہتے ہیں ہم نے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھا تو یہ بھی رکھ لیں. ڈالر کی قیمت برقرار رکھنے کا مصنوعی طریقہ ہے کیا اور کیا سی این جی اسٹیشن پر قطاریں ہوتی تھیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو کس جرم میں اندر رکھا ہوا ہے کوئی تو پوچھے احتساب کس طرح ہو رہا ہے نیب جس طرح ہے اسی طرح رہنا چاہیے ہم تو بھگت چکے ہیں باقی بھگتیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا نیب عمران خان کے ہیلی کاپٹر اور ان کے باقی خاندان کے ذرائع آمدن کا بھی احتساب کرے.ہمارا تو ذرائع آمدن کا ریکارڈ 1937 سے موجود ہے ہم سیاست میں آنے سے پہلے زیادہ خوشحال تھے اور سیاست میں آنے کے بعد پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم سے پوچھتے ہیں 1999کے بعد باہر کیوں گئے پرویز مشرف نے جلا وطن کیا تھا خود مرضی سے نہیں گئے تھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلی بار کراچی سے الیکشن لڑا اور فیصل واوڈا صرف چار پانچ سو ووٹوں سے کامیاب ہوئے اور وہ بھی آپ کو پتہ ہے فیصل واوڈا کیسے جیتے فافن رپورٹ دیکھ لیں۔
آزاد کشمیر کے ایک لڑکے نے بتایا کہ وہاں گیس سلنڈر کی قیمت دگنی ہو گئی ہے۔سی این جی اسٹیشنز پر قطاریں لگی ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد اسٹیٹ بینک نے مداخلت کر کے ڈالر کی قدر میں چار روپے کی کمی کی لیکن رواں کاروباری ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں تین مرتبہ اضافہ ہو چکا ہے۔
گذشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں 14 پیسے کا اضافہ ہو اجس کے بعد ڈالر 138 روپے 74 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے اضافے کے بعد 139 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوا۔یہی نہیں آج بھی ڈالر کی قیمت میں 26 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 139 روپے ہو گئی۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے ملک میں مہنگائی کے طوفان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *