کراچی میں پرفیوم چوک پر دھماکہ ، 6 افراد زخمی

News Desk

کراچی میں پُرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر کی تیاری کیلئے تین سو گرام بارود اور پلاسٹک کین استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے مقام سے پلاسٹک کے ٹکڑے بھی ملے ہیں۔دھماکہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی پرفیوم چوک پر ہوا۔

زخمیوں کی شناخت فیضان، حسن زمان، شہریار، سمینہ خاتون، مرسلین اور بابر کے نام سے ہوئی ہے جن میں بابر خالد مقبول صدیقی کا کوارڈینیٹر ہے۔پرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں ہونیوالے دھماکے میں چھ افراد زخمی ہو ئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سیکیورٹی حکام نے جائے حادثہ کو کلیئر قرار دیکر پرفیوم چوک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ محفل میلاد کے قریب کریکر بم سے حملہ کیا گیا، ابتدائی اطلاعات ہیں کہ پانچ سے چھ افراد زخمی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محفل میلاد کا انعقاد بغیر اجازت کے کیا گیا تھا تاہم اس کے لیے سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات گئے ہونے والے دھماکے میں کریکر فٹ پاتھ کنارے پھٹا جس سے فٹ پاتھ ڈیڑھ فٹ ٹوٹ گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی بم کے کسی سسٹم کے شواہد نہیں ملے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر نے کہا ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *