سیاست دانوں پر چیئرمین نیب کے الزامات بلا جواز ہیں.‎

News Desk

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے سیاست دانوں پر چیئرمین نیب کے الزامات بلا جواز ہیں.احتساب سے گھبراتے نہیں انصاف نظر آنا چاہئے اپوزیشن کو دبانے کا طریقہ جمہوریت کے حق میں نہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا گیا آج تک کیس نہیں بن سکا. سعد رفیق اسمبلی فلور پر بتا چکے ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔چیف جسٹس نے کہا ریفرنس فائل کرنے تک الزامات نہ لگائے جائیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا علیم خان پر نیب کا بنایا ہوا کیس ہے انہیں بھی گرفتار کیا جائے بابر اعوان پر بھی کیس ہے ان کو بھی گرفتار کرلیں ہم تحفظ نہیں انصاف مانگ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اظہار خیال کے بعد جب وزیر اطلاعات فواد چوہدری جواب دینے کھڑے ہوئے تو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شور شرابا کیا گیا۔

(ن) لیگ کے شور شرابے پر فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی سیاسی تربیت میں مسئلہ ہے یہ پارٹی ضیاء نے بنائی تھی ان کی تربیت اچھی نہیں ہوئی اس لیے دوسروں کی بات نہیں سنتے۔

وزیر اطلاعات کے جواب پر (ن) لیگی ارکان طیش میں آگئے اور فواد چوہدری پر جملے کسنا شروع کردیے. اس دوران ایوان میں شو شرابا بھی ہوا جب کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف ایوان سے اٹھ کر چلے گئے۔

اپوزیشن کی جانب سے فواد چوہدری سے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے وزیراطلاعات سے الفاظ واپس لینے کا کہا تو فواد چوہدری نے جواباً کہا کہ (ن) لیگ کی تربیت ٹھیک ہوئی۔

فواد چوہدری کے جواب پر ایک بار پھر (ن) لیگ نے شور شرابا کیا جس پر وزیراطلاعات نے کہا کہ تربیت ٹھیک نہ ہونے کا کہوں تو انہیں مسئلہ ہے اور ٹھیک ہونے کا کہوں تب بھی مسئلہ ہے۔
اپوزیشن کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراطلاعات کے تربیت سے متعلق الفاظ کارروائی سے حذف کردیے۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سعد رفیق کی گرفتاری ضمانت منسوخ ہونے پر ہوئی. عدالت نے انہیں مکمل سنا پھر ضمانت منسوخ کی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے پچھلے دس سالوں میں ملک چلایا گیا وہ سب کے سامنے ہے. شاہد خاقان عباسی کی بات درست ہےکہ احتساب کا عمل شفاف ہونا چاہیے لیکن انہوں نے ایک بات نظر انداز کردی ہے کہ نیب کے موجودہ چیئرمین کی تقرری کی اتھارٹی وہ خود تھے. نیب کے موجودہ سیٹ اپ میں ایک چپڑاسی بھی ہمارا لگایا ہوا نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *