گیس بحران :سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کیخلاف انکوائری کا حکم۔‎

News Desk

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سوئی نادرن اور سوئی سدرن کمپنیوں کے سسٹم کی ناکامی کا جائزہ لے کر 72 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس کا ہوا جس میں سردیاں آتے ہی ملک میں گیس بحران کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے بحرانی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کی سربراہی میں چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔

کمیٹی گیس بحران پر ایم ڈی سوئی ناردرن گیس اور سوئی سدرن کے خلاف الزامات اور وزارت سے معلومات چھپانے کے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے وزیراعظم کی ہدایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن ہوں گی۔ ڈی جی نجکاری کمیشن قاضی سلیم صدیقی، ڈی جی گیس شاہد یوسف اور ڈی جی ایل جی عمران احمد کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
کمیٹی دونوں کمپنیوں کے سسٹم کی ناکامی کا بھی جائزہ لے کر 72 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ وزیرِ پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان نے بریفنگ میں وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ گیس کے حالیہ بحران کی ذمہ دار سوئی نادرن اور سوئی سدرن ہیں۔ دونوں کمپنیوں نے حکومت سے بعض گیس کمپریسر پلانٹس کی خرابی چھپائی اور دسمبر میں گیس کی طلب سے متعلق بھی نااہلی کا مظاہرہ کیا۔

کمیٹی اپنی کارروائی کے دوران کسی بھی ماہر کو معاونت کیلئے بلاسکتی ہے. دونوں ایم ڈیز کے خلاف وزارت کو حقائق کےبارے میں آگاہ کرنے میں غفلت کی تحقیقات ہوں گی۔ دونوں ایم ڈیز کے خلاف حکومت سے معلومات چھپانے کی تحقیقات ہوں گی۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف فوری انکوائری کی جائے اور وزارت پیٹرولیم صارفین کو گیس کی فراہمی پر موثر منصوبہ بندی کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شیڈول کیے گئے آر ایل این جی کے آٹھ کارگو بروقت پاکستان پہنچ جائیں گے۔

واضح رہےکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ہفتے سے گیس فیلڈز میں خرابی کا دعویٰ کیا ہے جس سے انڈسٹریز اور رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی بری طرح متاثر ہے۔
ایک ہفتے کے دوران سندھ بھر میں 4 دن سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں اور سوئی سدرن نے غیرمعینہ مدت تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کردی ہے۔سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند ہونے سے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بسیں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے جس سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *