کراچی میں ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

News Desk

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ۔ڈی آئی جی ساؤتھ جاویدعالم اوڈھو کے مطابق علی رضا عابدی کو ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا، انہیں پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے، واقعہ ٹارگٹڈ کارروائی لگتی ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ نےبتایا کہ فائرنگ علی رضا عابدی کی گاڑی پر کی گئی جس میں ایک اور شخص بھی زخمی ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کو گھر میں داخل ہوتے وقت نشانہ بنایا گیا، وہ فیکڑی سے واپس گھر آرہے تھے۔ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ علی رضا کو گردن اور سر میں تین گولیاں لگیں۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق علی رضا عابدی کو دس سیکنڈز کے مختصر وقت میں ٹارگٹ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ  موٹر سائیکل سوار دو ملزموں نے کیا جنہوں  نے کیپ لگا کے چہرے چھپا رکھے تھے اور ٹارگٹ کلنگ کے ماہر تھے۔راجہ عمر خطاب نے کہا کہ حملہ آور علی رضا عابدی کا تعاقب کرتے ہوئے گھر تک آئے، گھر کے دروازے پر پہنچتے ہی ڈرائیونگ سائیڈ سے فائرنگ کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *