سندھ میں چیخوں کی آوازیں آنا شروع ہو گئی ہیں، وزیر اعظم عمران خان

News Desk

اسلام آباد میں منعقدہ سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے تمام اقدامات پاکستان کے حق میں ہیں۔ یہ بین الاقوامی ادارہ مسلح گروہوں کا خاتمہ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام چاہتا ہے۔ ہم منی لانڈرنگ کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان سےسالانہ دس ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہو رہی ہے۔

منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا سندھ میں تو کل سے چیخوں کی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہ کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لئے سب سے بڑا اثاثہ ہیں، میں نے شوکت خانم اسپتال کیلئے بھی اوورسیز پاکستانیوں سے ہی رابطہ کیا تھا، مجھے پتہ ہے اوورسیز پاکستانی بہت تعاون کرنے والے لوگ  ہیں، ہمیں ان کو یقین دلانا ہوگا ان کاپیسہ ٹھیک جگہ پر لگ رہا ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے روابط رکھنا بہت ضروری ہیں۔وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے گھر بار ، بیوی بچے،ماں باپ چھوڑ کر باہر ملکوں میں کام کرتے ہیں، یہ ملک ان پاکستانیوں کے خون پسینے سے ہی چل رہا ہے، بیرون ملک پاکستانی کمیونٹیز سے مل کر ورکنگ ریلیشن گروپ بنائے جائیں، جو ہمیں چیلنجزہیں ہم انہیں بہتر معیشت کے بغیر دور نہیں کرسکتے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ملک میں اب کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے، تاہم ہمیں مختلف چینلجز کا سامنا ضرور ہے جس سے نکلنے کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔ پاکستان اب ایسے نہیں چل سکتا، ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ بدلنا پڑے گا، سب سے پہلے وزارت خارجہ اپنا مائنڈ سیٹ بدلے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *