سندھ میں گورنر راج لگے گا یا نہیں؟‎

News Desk

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا نہ سندھ میں گورنر راج لگے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی کو سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نہ 18 ویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا نہ ہی سندھ میں گورنر راج لگے گا بس بدلے میں سندھ حکومت یہ کرے کہ آصف زرداری کے کیس میں شفاف ٹرائل ہونے دے.

بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکر کا کہنا ہے کہ اگر فواد چوہدری کی بات ٹھیک ہے تو پھر فیصل واڈا، علی زیدی اور شیخ رشید جو کہہ رہے ہیں وہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تو زرداری کے کیس میں شفاف ٹرائل کے حق میں ہیں لیکن نیب حکومت کے ماتحت ہے حکومتی وزیر نیب کے ترجمان بنے بیٹھے ہیں۔

اس سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ان کے پاس صوبے میں گورنر راج لگنے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچھ افسوسناک واقعات ہوئے ہیں۔ جن پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ عوامی نمائندے جو مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اسے پورا کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے کے بعد پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *