لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سنٹر پر حملہ ناکام 4 دہشت گرد ہلاک‎

News Desk

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی کے رہائشی اور انتظامی کمپاونڈ پر حملے کی کوشش ناکام بنا کر چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سنٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کی۔

دہشت گردوں کو داخلی چیک پوائنٹ پر ہی روک لیا گیا اور اس ناکامی پر دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ سے ملحقہ کمپائنڈ میں داخل ہوگئے جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر محاصرہ کر لیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کو رہائشی علاقے میں داخل ہونے سے روکا جس سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جس میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خود کو اڑانے والا ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔
چیک پوسٹ پر دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکار صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب  نے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کردی۔ جبکہ صوبے میں حساس مقامات کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔
اس سے قبل کراچی میں چینی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا۔ جبکہ بلوچستان میں حملے کی ناکام کوشش کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *