نیب آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔‎

News Desk

نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔نیب آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔ 24 دسمبر کواحتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ نواز شریف پر 1.5 ملین پاؤنڈز اور 25 ملین ڈالرز کا الگ الگ جُرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ نواز شریف کو دس سال تک عوامی عہدہ رکھنے کے لیے بھی نا اہل قرار دیا گیا۔ عدالت نے نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کا بھی حکم دیا جبکہ حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دے کر ان کے دائمی وارنٹس جاری کر دیئے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں منی ٹریل نہیں دے سکے۔ نواز شریف ہی ہل میٹل اور العزیزیہ کے اصل مالک ہیں۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ فلیگ شپ ریفرنس آف شور کمپنیوں سے متعلق ہے لہٰذا فلیگ شپ ریفرنس میں کیس نہیں بنتا اس لیےنوازشریف کوبری کیا جاتاہے۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت نے نیب کو نواز شریف کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی.جس کے بعد نواز شریف کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم نیب نے نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں بھی میاں نواز شریف کو کم سزا ملنے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔دونوں اپیلیں آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ریفرنس پر فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے نواز شریف کے وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے۔خواجہ حارث اور ان کی ٹیم نے اپیل کے لیے درخواست تیار کی۔درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں ہمارا مؤقف نہیں سنا گیااحتساب عدالت کے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *