آرمی چیف سے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف اور جرمن سفیر کی ملاقات

نیوز ڈیسک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی امن واستحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے اور وفد کے شرکاء دو روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی اور جنرل (ر) راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی اور مہمان وفد کی دو روز قیام کے بعد واپسی آج متوقع ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 15 دسمبر 2015 کو اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے بعدازاں اس کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔

اسلامی فوجی اتحاد کے پہلا کمانڈر پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو نامزد کیا گیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہے۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن سفیرمارٹن کوبلرنے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علاقائی امن واستحکام اورباہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمن سفیرنے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا امن و امان کے قیام سے اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحول معاشی سرگرمیوں کیلئے سازگارہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *