منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

نیوز ڈیسک

 کراچی کی بینکنک کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں پانچ مارچ تک توسیع کر دی گئی۔آصف علی زرداری ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، حسین لوائی، عبدالغنی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہو گئے۔

دبئی سے گرفتار ہونے والے منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم اسلم مسعود کا ریمانڈ ختم ہو گیا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا جائے، عدالت ملزمان کی ضمانتیں سننے کی گنجائش نہیں رکھتی۔

وکیل فاروق نائیک نے کہا قانون ملزمان کی ضمانتیں سننے پر کوئی قدغن نہیں لگاتا۔عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کل کیا ہوا ؟ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 16 فروری کو رکھی گئی ہے جب کہ چئیرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے کیس نیب منتقل کرنے کی درخواست پر سائن کردیے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست نہیں سنی تو ہم کیسے سن سکتے ہیں۔انور مجید کے وکیل منیر بھٹی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عبوری چالان کے بعد فائنل چالان تاحال نہیں پیش کیا جاسکا۔

اگر کل مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دائر ہوتی ہے تو اس پر بھی نوٹس جاری ہوں گے۔منیر بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان کو فائنل چالان کے بغیر کیسے غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہیں سماعت سے نہیں روکا ہے۔ عبد الغنی مجید کی سرجری ہونی ہے لیکن انہیں سرجری کے لیے نہیں بھیجا جا رہا۔

منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فرلہی تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور دیگر نامزد ہیں۔ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری، فرالی تالپور، انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین، علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جبکہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، طحہ رضا گرفتار ہیں۔

دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کر دی۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی تعداد بینکنگ کورٹ میں تعینات تھی جب کہ غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *