پی ایس ایل 4 کا آج سے آغاز: افتتاحی تقریب دبئی میں ہوگی‎

نیوز ڈیسک

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز آج سے ہونے جارہا ہے جب کہ افتتاحی تقریب میں جنون گروپ سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔

تقریب کے بعد ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

افتتاحی معرکے سے قبل 8 بجے شب شروع ہونے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جس کے دوران معروف امریکی ریپر پٹ بل اور یورو کیریبین ووکل گروپ بونی ایم پرفارم کرے گا جبکہ کھیل کے شائقین پاکستانی بینڈ جنون کے علاوہ فواد خان. شجاع حیدر اور آئمہ بیگ کے فن سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے جبکہ انہیں آتش بازی کے مظاہرے سمیت دیگر سرگرمیاں دیکھنے کا بھی موقع ملے گا اور یوں پی ایس ایل کا پہلا ہی دن ایک فیسٹیول کی شکل اختیار کر جائے گا۔

ایونٹ میں شامل مختلف ٹیموں کے کھلاڑی دبئی پہنچ گئے.گزشتہ روز ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ریلے روسو دبئی پہنچے۔

آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد بھی دبئی پہنچنے والوں میں شامل ہیں. اسی طرح کراچی کنگز کے کولن انگرام نے بھی دبئی پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیا۔

متحدہ عرب امارات کے تین شہر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ 26 میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے.

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلیں جائیں گے اور فائنل سمیت آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *