بلاول بھٹو اور نواز شریف کے درمیان کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات پیر کو ہو گی

نیوزڈیسک

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو  پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اجازت مل گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نواز شریف کی عیادت کیلئے جیل میں ملاقات کا فیصلہ کرتے ہوئے ملاقات کےلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کودرخواست دی تھی محکمہ داخلہ پنجاب نے چیئرمین پیپلزپارٹی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دیدی۔

پنجاب حکومت نے بلاول بھٹوزرداری اور نواز شریف کی ملاقات کے اجازت نامے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیاہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کیپٹن فضیل اصغر کی طرف سے  نوٹیفیکیشن جاری کیاگیاہے۔پیر کے روز 2 سے 4 بجے کے دوران بلاول بھٹو نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں پی پی پی چیئرمین سابق وزیراعظم کی صحت بارے دریافت کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے بھی بلاول بھٹو کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔بلاول بھٹو گزشتہ روز سے لاہور میں موجود ہیں اور نوازشریف کی صحت کے بارے تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نواز شریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ملنے دیاجائے گا، جیل قوانین اور مینول کے مطابق ملنے دیا جاسکتا ہے، پنجاب حکومت کو اس ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *