سانحہ کرائسٹ چرچ: ملک بھر میں سوگ قومی پرچم سرنگوں

نیوز ڈیسک

نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر دہشت گرد حملے میں 9 پاکستانیوں ںسمیت  50 افراد کی شہادت پر ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سمیت صوبے کی بیشتر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ اسی طرح پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی کرائسٹ چرچ واقعے پر یوم سوگ منایا جارہا ہے۔

ایک روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ سوگ کے سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر نصب سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نیوزی لینڈ سانحے میں دس پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے 9 شہید ہوگئے جبکہ شدید زخمی پاکستانی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔

دوسری جانب سانحہ کرائسٹ چرچ میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ میتیں بدھ کے روز ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔پاکستان کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو استبنول میں طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیوی حکام سے تمام تر تحقیقات سےآگاہ رکھنے کا کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے بتایا کے میتوں کی شناخت کا عمل بہت مشکل تھا کل سےمیتوں کی حوالگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *